واٹر کارپوریشن کی کارروائیاں ، غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار ، ملزم گرفتار

واٹر کارپوریشن کی کارروائیاں ، غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار ، ملزم گرفتار

رینجرز کے تعاون سے سہراب گوٹھ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں پانی چوری اور غیر مجاز کنکشنز کے خلاف مشترکہ آپریشن غیر مجاز کنووں اور کنکشنز کو ختم کر دیا گیا اور وہاں سے پمپ، الیکٹرک بورڈ اور پائپ لائن بھی تحویل میں لے لی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پاکستان رینجرز کے تعاون سے سہراب گوٹھ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور غیر مجاز کنکشنز کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی تنصیبات کا خاتمہ کر دیا، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل اور پاکستان رینجرز نے ایوب گوٹھ میں سلمان نامی شخص کے زیر انتظام غیر قانونی ہائیڈرنٹ کو مسمار کر کے تمام غیر مجاز کنکشنز منقطع اور سائٹ کو سیل کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران 30 کے وی جنریٹر، 10 ہارس پاور سبمرسیبل پمپ، دو الیکٹرک بورڈز اور مختلف سائز کی پائپ لائنیں ضبط کر لی گئیں جبکہ ملزم سلمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی علاقے میں عمران نامی شخص کے زیر انتظام ایک اور غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر مجاز کنووں اور کنکشنز کو ختم کر دیا گیا اور وہاں سے پمپ، الیکٹرک بورڈ اور پائپ لائن بھی تحویل میں لے لی گئی۔ احسن آباد میں 84 انچ قطر کی مرکزی واٹر سپلائی لائن پر قائم پانچ غیر قانونی ٹیپنگ پوائنٹس بھی ختم کر دیے گئے ۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق یہ غیر قانونی کنکشنز دو انچ قطر کی لائنوں کے ذریعے مرکزی لائن سے پانی حاصل کر رہے تھے ۔

سپارکو سوسائٹی، ایسٹ سٹی اسپتال، پاکستان ٹیلی ویژن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، احسن آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور خیابان پتنی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم تمام غیر قانونی پوائنٹس موقع پر ہی سیل کر دیے گئے ۔ مزید برآںکوئٹہ ٹاؤن 3-A میں سہراب گوٹھ کی 18 انچ قطر کی مین لائن سے لیے گئے دو غیر قانونی چار انچ کنکشنز بھی منقطع کر دیے گئے ۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق متعلقہ صارف پر تقریباً دو کروڑ روپے کے واجبات ہیں، جن کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر دو بڑے غیر قانونی ہائیڈرنٹس، پانچ غیر قانونی ٹیپنگ پوائنٹس اور متعدد غیر مجاز کنکشنز کا خاتمہ کیا گیا۔ ایک جنریٹر، دو سبمرسیبل پمپس، چار الیکٹرک بورڈز اور تقریباً 295 فٹ پائپ لائن بھی ضبط کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں