ڈیفنس کے کیفے میں خواتین کا جھگڑا،لڑکی پر تشدد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس کے علاقے بخاری کمرشل میں واقع ایک کیفے میں خواتین کے درمیان مبینہ جھگڑے اور تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے ، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
ویڈیو میں 4 خواتین اور ایک مرد کو ریسٹورنٹ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے ، جہاں 2 خواتین نے وہاں پہلے سے بیٹھی ایک لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کی رات ساڑھے 9 بجے پیش آیا اور ابتدائی طور پر یہ معاملہ آپسی لڑائی جھگڑا معلوم ہوتا ہے ۔ متاثرہ لڑکی کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ درخشاں میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے ، جس میں چار خواتین کو نامزد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔