کمشنرپرائس لسٹ کا اجراء عوام کے ٹیکس کا ضیاع، پاسبان
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی خواتین ونگ کی صدر عزیز فاطمہ نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے روزانہ پرائس لسٹیں جاری کرنا وقت، وسائل اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کا ضیاع بن چکا۔
اگر سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا سکتا تو محض کاغذی کارروائی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ روزانہ سینکڑوں شہری،اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف کمشنر کے شکایتی پورٹل پر شکایات درج کراتے ہیں لیکن ان شکایات کے نتائج عوام کو نظر نہیں آتے ۔ مہنگائی بدستور برقرار ہے اور ناجائز منافع خور کھلے عام عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ کمشنر کی جانب سے جرمانوں اور کارروائیوں کے نتائج کیوں نہیں نکل رہے ؟۔