پیرا میڈکس کا جانیں بچانے میں کلیدی کردار، گیان چند
ریسکیو 1122اور موبائل ہیلتھ سروسز کا عملہ خدمتِ خلق کا استعارہ ہےمحرم، بارشوں اور دیگر ہنگامی حالات میں خدمات قابلِ تحسین ،مشیرِ وزیراعلیٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مشیرِ وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے عالمی یومِ پیرا میڈکس کے موقع پر سندھ ایمرجنسی ریسکیوسروسز 1122 سندھ اور موبائل ہیلتھ اینڈ ڈائیگناسٹک سروسز سندھ اور ہنگامی طبی خدمات سے وابستہ تمام پیرا میڈیکل عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیرا میڈکس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی خدمات معاشرے کے لیے انتہائی قابلِ قدر ہیں۔ ریسکیو 1122 سندھ کے پیرا میڈکس اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال کے دوران متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ حادثات کی جگہ پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی، مریضوں کی حالت کو مستحکم بنانا اور انہیں بروقت اسپتال منتقل کرنا ایک نہایت ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ کام ہے جسے ریسکیو 1122 کا عملہ انتہائی مہارت اور جذبئہ خدمت کے ساتھ انجام دے رہا ہے ۔ گیانچند ایسرانی نے کہا کہ محرم الحرام، بارشوں، سیلابی صورتحال، سڑک حادثات اور دیگر ہنگامی مواقع پر ریسکیو 1122 کے پیرا میڈکس کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے ۔ مشیرِ وزیراعلیٰ سندھ نے موبائل ہیلتھ اینڈ ڈائیگناسٹک سروسز سندھ کے پیرا میڈیکل عملے کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دور دراز، پسماندہ اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں میں عوام کو ان کی دہلیز پر طبی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔