روہڑی :ایک ہی رات 8 گھروں میں چوری کی واردات
شہری لاکھوں مالیت کے زیورات،نقدی،پرائز بانڈز اور قیمتی سامان سے محروم متاثرین میں صحافی کی ہمشیرہ کا گھر بھی شامل، پولیس نے تحقیقات شروع کردی
روہڑی، سکھر (نمائندہ دنیا، بیورو رپورٹ) روہڑی میں ایک ہی رات سینئر صحافی کی ہمشیرہ کے گھر سمیت 8 گھروں میں چوری، لاکھوں روپے مالیت کے زیورات،نقدی،پرائز بانڈز اور قیمتی سامان چوری کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق روہڑی شہر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم چوروں نے آخوند محلہ میں ایک ہی رات آٹھ گھروں کو نشانہ بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی، پرائز بانڈز اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا۔ متاثرہ گھروں میں سکھر کے سینئر صحافی امان اللہ شیخ،عبیداللہ شیخ کی ہمشیرہ کا گھر بھی شامل ہے جبکہ دیگر متاثرین میں ڈنو بھٹو،یوسف اور دیگر شامل ہیں۔ صبح بیدار ہونے پر متاثرین کو واردات کا علم ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تمام متاثرہ گھروں کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے ۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور نامعلوم ملزموں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سیاسی، سماجی، صحافتی اور عوامی حلقوں نے ایک ہی رات آٹھ گھروں میں ہونے والی واردات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو فوری گرفتار کر کے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے ۔ شہریوں نے اس بات پر بھی سوالات اٹھائے ہیں کہ روہڑی شہر میں سیف سٹی منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے کے باوجود اتنی بڑی اور منظم چوری کی واردات کیسے پیش آئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ، رات کے اوقات میں مؤثر گشت، سیف سٹی کیمروں کو فعال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔