واٹر کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ، ریونیو کلیکشن 26.6فیصد بڑھ گئی
کراچی (این این آئی) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مالی سال 2025-26 کے دوران ریونیو کلیکشن میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 26.6 فیصد زیادہ آمدنی حاصل کر لی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ادارے نے مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 27 ارب 3 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد ریونیو وصول کیا، جبکہ مالی سال 2024-25 میں وصولیوں کا حجم 21 ارب 34 کروڑ 95 لاکھ روپے رہا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایک سال کے دوران ریونیو وصولیوں میں نمایاں اضافہ ادارے کی موثر مالی حکمت عملی، جدید بلنگ سسٹم، ریکوری میکانزم میں بہتری اور صارفین کے تعاون کا نتیجہ ہے ۔ مالی سال کے دوران جولائی، اگست، ستمبر، اکتوبر، دسمبر اور جون کے مہینوں میں وصولیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو اصلاحاتی اقدامات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے ۔