کے ڈی اے اراضیوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

کے ڈی اے اراضیوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے ،آصف جان صدیقیجاری آپریشنز کے دوران فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، ڈی جی

کراچی (اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ ادارے کی اراضیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اور موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اور محکمہ لینڈ مینجمنٹ کے سینئر افسران کے ایک منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں کے ڈی اے اراضیوں کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور الاٹیز کی املاک کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ڈی جی کے ڈی اے نے ہدایت کی کہ کے ڈی اے الاٹیز کی املاک کو غیر قانونی قبضہ مافیا سے آزاد کرانے کے لیے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے ۔ اس سلسلے میں لینڈ مینجمنٹ میں تعینات تمام کے ڈی اے اسکیموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو اضافی ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں تاکہ جاری آپریشنز کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی ہدایات اور احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے جبکہ انسدادِ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشنز میں اپنی موجودگی اور بھرپور معاونت بھی یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ادارے کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز آپریشن کے متعلقہ علاقوں کی پولیس کے ساتھ موثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ کارروائیاں بلا رکاوٹ، قانون کے مطابق اور کامیابی سے مکمل کی جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جاری آپریشنز کے دوران غفلت، لاپروائی یا فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں