آئی جی کا بن قاسم صنعتی زون کے لیے اقدامات کا اعلان
آئی جی کا بن قاسم صنعتی زون کے لیے اقدامات کا اعلان گشت، اسنیپ چیکنگ اور نگرانی مزید موثر بنائی جائے گی،جاوید عالم اوڈھو
کراچی (این این آئی) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے ، جدید نگرانی کے نظام کے فروغ، کمیونٹی پولیسنگ کے استحکام اور صنعت کاروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔ دورے کے دوران آئی جی سندھ کو بن قاسم انڈسٹریل زون کے مجموعی رقبے ، صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری، سکیورٹی انتظامات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صنعت کاروں نے کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری اور جرائم کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انڈسٹریل ایریا میں پولیسنگ، سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ بن قاسم انڈسٹریل زون اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ اور سیکیورٹی نگرانی مزید موثر بنائی جائے گی جبکہ ایس ایس پی ملیر صنعت کاروں سے مسلسل رابطہ، فوری رسپانس اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایت کی کہ انڈسٹریل ایریا میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ہیوی ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس، سی پی ایل سی اور سی پی کے کے باہمی تعاون سے صنعتی علاقوں میں اسمارٹ مانیٹرنگ، سی سی ٹی وی کوریج اور انٹیلی جنس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔