شہداد پور:پولیس پرحملے کے ملزمان گرفتاری کیلئے آپریشن، 8گھر مسمار

شہداد پور:پولیس پرحملے کے ملزمان گرفتاری کیلئے آپریشن، 8گھر مسمار

بڑھون روڈ پرگاؤں محرم رند کاگھیراؤ، گھروں کاقیمتی سامان پولیس نے ضبط کرلیاگھروں سے محروم کرنا کہاں کاانصاف ہے ، متاثرین، آپریشن جاری رہیگا، پولیس

شہدادپور(نمائندہ دنیا)سنجھورو میں پولیس اہلکار محمد حسن ہنگورو کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے بھاری نفری، بکتر بند گاڑیوں اور کرین کے ساتھ بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے آ گئے ہیں۔ شہدادپور پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑھون روڈ پر واقع گاؤں محرم رند کا گھیراؤ کیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گھروں میں موجود قیمتی سامان، بشمول مویشی، مرغیاں، سولر پلیٹس اور بیٹریاں اپنی تحویل میں لے لیں۔ اس کے بعد کرین مشین کی مدد سے محرم رند، قادریو رند، چنیسر رند، حیدر رند اور لائق رند سمیت 7 گھروں کو زمین بوس کر دیا۔

کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے پولیس نے شہدادپور شہر کے ہنگورہ روڈ پر واقع ملزم اجمل بنگلاڑی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سرچ آپریشن مکمل کرنے کے بعد کرین کے ذریعے گھر کو مسمار کر دیا۔ دوسری جانب بے گھر ہونے والے خاندانوں نے پولیس کی کارروائی کو شدید زیادتی قرار دیا ہے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے قانون کی آڑ میں پکے مکانات مسمار کرکے انہیں چھت سے محروم کر دیا، یہ کہاں کا انصاف ہے ۔ جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پولیس اہلکار پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے عمل میں لائی گئی، قانون شکن عناصر کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہیگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...