انسداد منشیات عدالت کی سزا کے خلاف ملزمان کی اپیلیں مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں انسدادِ منشیات عدالت کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان کی اپیلیں مسترد کر دیں، جبکہ گاڑی کے مالک خالد نواز کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
اے این ایف کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو کھارادر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی گاڑی سے سات کلوگرام آئس برآمد ہوئی تھی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق انسدادِ منشیات عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان شکیل، عطا اللہ اور گاڑی کے مالک خالد نواز کو عمر قید اور 20،20 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔ ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ برآمد ہونے والی منشیات کی محفوظ تحویل اور ترسیل کا تسلسل ثابت کرنے میں ناکام رہا، اس لیے سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ ریکارڈ پر موجود شواہد کی روشنی میں ملزمان شکیل اور عطا اللہ کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments