بڈھوٹالپر :جاتی میں آلودہ پانی سے ڈائریا، گیسٹرو کی وبا پھوٹ پڑی
بڈھوٹالپر (نامہ نگار) ضلع سجاول کی تحصیل جاتی کے ساحلی گاؤں ارباب پاندھی تھہیم میں آلودہ پانی پینے کے باعث ڈائریا اور گیسٹرو کی وبا پھوٹ پڑی، جس سے خواتین، مردوں اور بچوں سمیت متعدد افراد متاثر ہوگئے ۔
متاثرین کو طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر تعلقہ اسپتال جاتی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کی گئی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعلقہ اسپتال جاتی ڈاکٹر بشیر سولنگی کے مطابق تمام مریضوں کو بروقت علاج فراہم کیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاؤں کے تالاب کا آلودہ پانی پینے سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ مقامی رہائشیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گاؤں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق 70 سے زائد مریضوں کو سول اسپتال جاتی منتقل کیا گیا، جہاں تمام مریضوں کا علاج جاری ہے ۔ محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ گاؤں اور اسپتال میں مسلسل خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ علاج، ادویات کی فراہمی اور دیگر طبی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments