سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری
امتحانات 28جولائی سے ہوں گے ،نقل روکنے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیلمنظم اور میرٹ پر انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ،ناظم امتحانات
کراچی(این این آئی)سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (ایس بی ٹی ای) نے سالانہ امتحانات 2026 کے مختلف ڈپلومہ پروگرامز کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امتحانات کا آغاز 27 اور 28 جولائی سے سندھ بھر کے مقررہ امتحانی مراکز میں ہوگا۔ بورڈ نے امتحانات کے شفاف، منظم اور میرٹ پر انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ترجمان سندھ ٹیکنیکل بورڈ اور ناظم امتحانات زوہیب احمد خان کے مطابق ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرسیکنڈ ایئر (مارننگ و ایوننگ)، ریگولر اور ریپیٹر کے سالانہ امتحانات پیر 27 جولائی 2026 سے شروع ہوں گے ، جبکہ ڈپلومہ اِن کامرس (پارٹ اول و دوم) اور ڈپلومہ اِن بزنس ایڈمنسٹریشن (پارٹ اول و دوم) کے سالانہ امتحانات منگل 28 جولائی سے سندھ بھر میں منعقد کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ کراچی کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے دفتر سے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز وصول کریں۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں مقررہ وقت سے پہلے پہنچیں اور اصل ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ضروری شناختی دستاویز بھی لازمی ہمراہ رکھیں۔زوہیب احمد خان نے بتایا کہ چیئرمین سندھ ٹیکنیکل بورڈ کی ہدایات پر امتحانات کی نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو کراچی سمیت سندھ بھر کے امتحانی مراکز کے اچانک دورے کریں گی۔ یہ ٹیمیں امتحانی عمل کی نگرانی، نقل کی روک تھام اور امتحانی ضابط اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز کے اندر موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کی الیکٹرانک کمیونیکیشن ڈیوائس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں امتحانی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments