تیز رفتار ڈالے نے پھول فروش کو کچل دیا 4 سالہ بیٹا شدیدزخمی
واقعہ ڈیفنس میں پیش آیا،باپ بیٹا فٹ پاتھ پر بیٹھے تھے ،ڈرائیور موقع سے فرار،ماڑی پور میں خاتون حادثے کی نذر ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ، رواں سال 170افراد جاں بحق، 6ہزار سے زائد زخمی،ریسکیو حکام کے اعداد و شمار
کراچی(اسٹاف رپورٹر،آن لائن) شہر قائد میں ڈیفنس فیز 6 بڑا بخاری سگنل کے قریب تیز رفتار ڈالا فٹ پاتھ پر چڑھ گیا۔تیز رفتار ڈالے کی زد میں فٹ پاتھ پر بیٹھے باپ بیٹا آگئے ، حادثے میں باپ جاں بحق جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس حکام اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو امدادی ٹیموں کی مدد سے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق باپ کی شناخت 40 خادم اور زخمی بچے کی 4 سالہ ذیشان کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص اپنے دو بیٹوں کے ساتھ سگنل پر پھول فروخت کرتا تھا، ایک بچہ معجزاتی طور پر محفوظ رہا، متوفی کورنگی کا رہائش ہے ۔پ
ولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈالے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جس کو جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔علاوہ ازیں ماڑی پور گریکس کے قریب ٹریفک حادثہ تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے بائیک پر سوار خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ اپنے بیٹے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ حادثے پیش آیا حادثے میں بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا جاں بحق خاتون کی شناخت 50 سالہ حافظہ کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ڈرائیور ٹرک کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ ٹرک کو تھانے منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب ریسکیو حکام کے مطابق سال 2026 کے دوران اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 170 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 367 افراد زخمی ہوئے ہیں، جس پر شہریوں اور متعلقہ اداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔
ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والے حادثات سب سے زیادہ جان لیوا ثابت ہوئے ہیں۔ مختلف اقسام کی بھاری گاڑیوں میں ٹریلرز سب سے مہلک رہے ، جن سے 75 جان لیوا حادثات رونما ہوئے جبکہ واٹر ٹینکرزسے پیش آنے والے 44 حادثات میں بھی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔حکام نے کہا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کی بڑھتی ہوئی تعداد، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں، تیز رفتاری، غیر محفوظ ڈرائیونگ اور بعض مقامات پر ناقص ٹریفک نظم و نسق حادثات میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر نگرانی، قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ناگزیر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments