ملکانی شریف میں استاد کے گھر چھاپے کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال
چادر، چار دیواری کاتقدس پامالی کیخلاف جھڈو روڈ پر احتجاج، تحقیقات کامطالبہ
پنگریو (نمائندہ دنیا)ملکانی شریف کے استاد خالد لغاری کے گھر پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوباگو، مختارکار، تپیدار اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مبینہ چھاپہ مارنے ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے خلاف ملکانی شریف میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ واقعے کے خلاف شہریوں اور دکانداروں نے کاروباری مراکز بند کرکے پنگریو جھڈو روڈ پر مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے مبینہ اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کے گھر میں داخل ہوتے وقت قانون اور بنیادی شہری حقوق کی پاسداری کے ساتھ چادر اور چار دیواری کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہیے ، تاہم خالد لغاری کے گھر پر ہونے والی مبینہ کارروائی سے شہریوں میں شدید تشویش ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، کارروائی کے قانونی جواز کو سامنے لایا جائے اور اگر کسی افسر یا اہلکار کی جانب سے اختیارات سے تجاوز ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ مظاہرین نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ غیرقانونی یا ناروا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انتظامیہ کو اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق اور عزت و آبرو کا مکمل خیال رکھنا چاہیے ۔ احتجاج میں شہریوں نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ واصح رہے کہ خالدلغاری کے گھرپرگندم ذخیرہ کیے جانے کی اطلاع پرریونیوحکام نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ ماراتھاتاہم گندم برآمدنہیں ہوسکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments