میرپور خاص:بجلی بندش، عدم نکاسی کیخلاف دکاندار سراپا احتجاج
کھسک پورہ میں کئی روز سے بجلی بند، سیوریج پانی کی نکاسی بھی نہیں کی جارہیکاروبار متاثر، دکانوں میں پڑا کروڑوں کا سامان ضائع ہونے کا خدشہ، مظاہرین
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) کھسک پورہ کے مین بازار کے دکانداروں نے کئی روز سے بجلی کی بندش، گندے پانی کی عدم نکاسی، سیوریج نظام کی خرابی کیخلاف واپڈا اور متعلقہ میونسپل انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا، احتجاج کے دوران دکاندار عابد، خالد، سجاد، الیاس اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ پانچ سے چھ روز سے بازار کی بجلی بند ہے ، جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا سامان دکانوں میں پڑا ہے اور گرمی کے باعث نقصان کا خدشہ بڑھ گیا، انہوں نے کہا کہ مین بازار بارش کے پانی، گندگی اور کچرے میں ڈوبا ہوا ہے ، سیوریج لائن بند ہے ، تاہم متعلقہ ادارے صرف مرکزی سڑک کی صفائی کر کے فوٹو سیشن تک محدود ہیں جبکہ بازار کے اندرونی علاقوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے ، دکانداروں کا کہنا تھا کہ نہ واپڈا حکام نے بجلی بحال کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے اور نہ ہی متعلقہ میونسپل انتظامیہ یا منتخب نمائندوں نے آ کر ان کے مسائل معلوم کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی دن گزرنے کے باوجود کسی افسر یا متعلقہ نمائندے نے بازار کا دورہ نہیں کیا انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بندش کے باعث رات کے وقت چوری اور دیگر جرائم کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے ، جبکہ نمازیوں اور شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، دکانداروں نے شکایت کی کہ صفائی کا عمل بھی صرف دکھاوے کے لیے کیا جا رہا ہے جبکہ بازار کے اندر گندگی اور تعفن برقرار ہے ۔ دکانداروں نے بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ کھسک پورہ کے مین بازار میں فوری طور پر بجلی بحال کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments