باندھی:مبینہ بھتہ خوری پرٹرانسپورٹرز کا احتجاج، مہران ہائی وے پرکشیدگی
چیک پوسٹ سے گزرنے پربھتہ طلب کیا جاتا، آئی جی تحقیقات کرائیں، مظاہرین
باندھی (نامہ نگار)مہران ہائی وے پر قائم باندھی پولیس چیک پوسٹ ختم نبوت چوک پر کوچز، ٹرالرز اور دیگر ہیوی ٹریفک سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کیے جانے کے الزامات کے باعث پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ٹرالر اور کوچ ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ چیک پوسٹ سے گزرنے والی گاڑیوں سے روزانہ پولیس کی جانب سے زبردستی رقم طلب کی جاتی ہے ، جبکہ رقم نہ دینے کی صورت میں ڈرائیوروں سے بدسلوکی، تشدد اور بعض اوقات گاڑیوں کے شیشے توڑنے جیسے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔
متاثرہ ڈرائیوروں کے مطابق ایسے واقعات کے بعد احتجاجاً مہران ہائی وے کو بلاک کیا جاتا ہے ، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ آئے روز ہونے والے تنازعات کسی بڑے ناخوشگوار واقعے یا حادثے کا سبب بن سکتے ہیں ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان الزامات کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائیں اور اگر کسی اہلکار کی جانب سے غیرقانونی سرگرمی ثابت ہو تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹرز کا اعتماد بحال ہو سکے ۔دوسری جانب اس خبر کے حوالے سے متعلقہ پولیس حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments