وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو لودھراں کا اچانک دورہ، انتظامات کا جائزہ
مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے ، مسائل حل کرنے کی ہدایت
لودھراں (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں کا اچانک دورہ کیا اور طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر صحت نے ایمرجنسی، ریڈ بے ، ییلو بے ، آپریشن تھیٹر کمپلیکس، جنرل سرجری وارڈ، ڈائیلاسز یونٹ، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اور پیشنٹ فیسیلیٹیشن کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے مفت ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔خواجہ عمران نذیر نے جینیٹوریل اسٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سات روز کے اندر واجبات ادا کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے بہترین نظم و نسق پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کو توصیفی سرٹیفکیٹ جبکہ سی ای او ہیلتھ، ایم ایس اور ہسپتال کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ہسپتالوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں سمیت دیگر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد رمضان، ایم ایس ڈاکٹر اورنگزیب، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments