آزاد کشمیر الیکشن نواز لیگ کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار، بشیر میمن
بعض سیاسی جماعتوں کوشکست تسلیم کرنے میں دشواری پیش آرہی، لیگی رہنما
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر ضلعی رہنما ملک امتیاز الحق اور پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر قائد میاں نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام آج بھی مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں، جبکہ بعض سیاسی جماعتوں کو اپنی شکست تسلیم کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
بشیر میمن نے کہا کہ ضلع سانگھڑ میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ میاں نواز شریف سے محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے انتخابی مہم اور پولنگ کے روز بھرپور محنت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ارشد علی جٹ، حاجی محمد اسحاق قریشی اور دیگر رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر ذمہ داریاں انجام دینے والے کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے انتہائی جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیے ، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن مستقبل میں بھی پارٹی کے استحکام، عوامی خدمت اور قیادت کے وژن کی تکمیل کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments