بے زمین 200افراد کو زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز جاری

 بے زمین 200افراد کو زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز جاری

اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، کامیاب افراد کو 3 سے 5 ایکڑ زمین فراہم کی گئی

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘کے تحت ضلع خانیوال میں بے زمین دیہی افراد کو سرکاری زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کی، جبکہ ایم این اے محمد خان ڈاہا، ایم پی اے عامر حیات ہراج، نمائندہ ایم پی اے رانا بابر حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔تقریب میں بتایا گیا کہ ضلع خانیوال سے تقریباً 200 بے زمین دیہی افراد کو زمین کی الاٹمنٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ کامیاب درخواست گزاروں کو 3 سے 5 ایکڑ سرکاری زرعی اراضی 20 سال کے لیے سالانہ 100 روپے فی ایکڑ کے حساب سے لیز پر فراہم کی جا رہی ہے۔

جبکہ زمین کی بحالی اور کاشت کے لیے 50 ہزار روپے فی ایکڑ ترقیاتی گرانٹ بھی دی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا کہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ پروگرام بے روزگار دیہی افراد کو معاشی خودکفالت کی جانب لے جانے والا اہم اقدام ہے ، جس سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ایم این اے محمد خان ڈاہا نے کہا کہ یہ منصوبہ زرعی ترقی، دیہی خوشحالی اور کسانوں کی فلاح کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ ایم پی اے عامر حیات ہراج نے کہا کہ پروگرام سے بے روزگار افراد کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...