پولیس افسران کے نام پر بھتہ کی درخواست نمٹادی گئی

 پولیس افسران کے نام پر بھتہ کی درخواست نمٹادی گئی

عدالت کی درخواست گزار کو جسٹس آف پیس سے رجوع کرنے کی ہدایت درخواست گزار کو ہراساں نہیں کیا جائے گا ،سرکاری وکیل کی یقین دہانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پولیس افسران کے نام پر بھتہ خوری اور دھمکیوں سے متعلق درخواست فریقین کی یقین دہانی اور ہدایات کے ساتھ نمٹا دی، جبکہ درخواست گزار کو ایف آئی آر کے اندراج اور دیگر قانونی ریلیف کے لیے جسٹس آف پیس سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائی کورٹ میں پولیس افسران کے نام پر بھتہ خوری، دھمکیوں اور ہراساں کیے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس نثار احمد بھنبھرو نے کی۔ سماعت کے دوران ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر منسوب قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار اور نامزد نجی ملزم کے درمیان کاروباری تنازع موجود ہے، جبکہ پولیس افسران کے نام درخواست میں شامل کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کا نام غلطی سے شامل ہوگیا، کیونکہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی جگہ سہواً عرفان بہادر کا نام درج کردیا گیا تھا۔ اس پر عدالت نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کا نام درخواست سے خارج کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزار کو ہراساں نہیں کیا جائے گا اور تمام سرکاری اہلکار قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...