جیکب آباد:زرعی پانی بحران کیخلاف جے یوآئی، آبادگاروں کی ریلی

جیکب آباد:زرعی پانی بحران کیخلاف جے یوآئی، آبادگاروں کی ریلی

محکمہ آبپاشی کے حکام کے خلاف نعرے لگائے ، مدنی چوک پرشرکا نے دھرنا دیاپانی کمی سے دھان کی فصل شدید متاثر، کسان پریشانی کا شکار، اے جی انصاری ودیگر

جیکب آباد (نمائندہ دنیا )بیگاری کینال میں پانی کی شدید قلت کے خلاف جے یو آئی اور آبادگاروں نے مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام، آبادگاروں اور کسانوں کی جانب سے بیگاری کینال میں پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی جلوس جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا سلیم اللہ بروہی، مولانا عبدالوحید پندرانی، مولانا اسد اللہ حیدری اور دیگر کی قیادت میں جامع مسجد گڑھی خیرو سے نکالا گیا، مظاہرین نے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے آبپاشی حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور مدنی چوک پہنچ کر دھرنا دیا، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بیگاری کینال میں پانی کی شدید قلت کے باعث تاجا شاخ، گل شاخ، کوٹری شاخ، کلچ شاخ اور سالار شاخ سمیت کئی نہروں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل خشک ہونے لگی ہے اور آبادگار شدید پریشانی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ آبادگار پورا سال محنت اور بھاری اخراجات کے بعد فصل تیار کرتے ہیں لیکن پانی کی عدم فراہمی کے باعث ان کی فصل اور تمام سرمایہ کاری خطرے میں پڑگئی ہے جبکہ آبپاشی انتظامیہ صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بیگاری کینال میں فوری طور پر مطلوبہ مقدار میں پانی فراہم کرکے متاثرہ نہروں میں پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو تباہی سے بچایا جاسکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...