کے ڈی اے ملازمین کوپنشن واجبات نہ ملنے پرہائیکورٹ برہم
ڈی جی ذاتی حیثیت میں طلب، 3ہفتوں میں واجبات ادائیگی یقینی بنانے کا حکمعدالت نے حلف نامہ مانگ لیا، ریٹائرمنٹ کے باوجود واجبات نہ ملے ، وکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عدالتی احکامات کے باوجود کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن واجبات ادا نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی کو آئندہ سماعت 14 ستمبر پرذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے ڈی جی کو تین ہفتوں میں واجبات ادائیگی یقینی بنانے سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن واجبات کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ملازمین کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود ملازمین کوپنشن واجبات ادا نہیں کیے گئے ۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ فروری میں پنشن واجبات کی ادائیگی کیلئے مشترکہ حکم جاری کرچکی ہے ، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار ملازمین کوواجبات نہیں دیئے جارہے ۔ کے ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ادارے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اورکمرشل پلاٹس کی نیلامی کے ذریعے فنڈز کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ فنڈز کا انتظام کرکے دو ماہ میں درخواست گزاروں کوادائیگی کردی جائیگی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ادارے کی مالی مشکلات ملازمین کے پنشنری فوائد روکنے کا جواز نہیں بن سکتیں۔ پنشن اور دیگر مراعات ملازمین کا قانونی حق ہیں۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت کی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے ۔ عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے کوتین ہفتوں میں درخواست گزاروں کے پنشن واجبات کی ادائیگی سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments