سانگھڑ:ڈسٹرکٹ اسپتال میں مبینہ غفلت سے بچہ جاں بحق
ڈاکٹر بدتمیزی سے پیش آئے ، ورثا، پریس کلب پرلاش کے ساتھ مظاہرہ کیا
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مبینہ طبی غفلت سے 10 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا، جس پر ورثاء نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سانگھڑ میں مبینہ طبی غفلت کے باعث ڈائریا میں مبتلا دس ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی ہلاکت پر مشتعل ورثاء نے لاش پریس کلب سانگھڑ کے سامنے رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسپتال انتظامیہ و مبینہ طور پر ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچے کو تشویشناک حالت میں ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا گیا، تاہم اسے بروقت اور مناسب طبی امداد فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ورثاء نے الزام عائد کیا کہ اسپتال کا عملہ بھی ان کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرتا رہا۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ غفلت کے ذمہ دار ڈاکٹر اور دیگر عملے کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری جاری ہے ۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آنے پر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments