جیکب آباد:دشمنی پر2افراد قتل، ورثا کا لاشوں سمیت دھرنا
سندھ بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل،قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہسجاول میں چھاپہ، بھگدڑ، بچی جاں بحق، شہداد پور میں نوجوان ٹرین سے کٹ گیا
جیکب آباد، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) جیکب آباد میں دشمنی پر2 افراد قتل کردیئے گئے ، جبکہ سجاول میں چھاپے کے دوران بھگدڑ سے شیر خوار بچی جاں بحق ہوگئی، شہداد پور میں نوجوان ٹرین سے کٹ گیا۔ جیکب آباد کے میرانپور تھانے کی حدود میں بلوچستان جانے والے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوانوں پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امام جان بلیدی اور برکت علی بلیدی موقع پر جاں بحق ہوگئے ، ملزم فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق رند اور بلیدی برادری کے درمیان رشتے کے تنازع پردیرینہ دشمنی چلی آ رہی ہے جس کے باعث واقعہ پیش آیا، دونوں افراد کے قتل کیخلاف بلیدی برادری کے افراد نے بائی پاس پر لاشیں رکھ کر دھرنا دیا، جس سے سندھ بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی، انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ادھر سجاول کے گاؤں عبدالکریم شورو میں سولنگی برادری کے گھروں پر چھاپے کے دوران بھگدڑ مچنے سے معصوم بچی ساریا بنت اللہ بچایو کچلے جانے سے جاں بحق ہوگئی، پولیس ایک شخص کو گرفتار کرکے لے گئی۔ بچی کی ہلاکت کے بعد ورثاء اور علاقہ مکینوں نے سجاول، حیدرآباد روڈ پر دھرنا دیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور گرفتار جمن سولنگی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔ روڈ کھلوانے کیلئے پولیس نے معززین سے مذاکرات کیے ، جوناکام ہوگئے۔ شہدادپور کے نوناری محلے کا رہائشی 22 سالہ نوجوان شہباز نوناری شاہپور چاکر پھاٹک کے قریب ٹریک عبور کرتے گرین لائن ایکسپریس کی زد میں آ کرجاں بحق ہوگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments