میرپور خاص:تجاوزات کیخلاف آپریشن، علاقہ مکینوں کی مزاحمت
احتجاجاً رنگ روڈ بلاک، مذاکرات کے بعد شاہراہ کوٹریفک کیلئے کھولا گیا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)جرواری شاخ کے اطراف قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا تاہم کارروائی کے دوران علاقہ مکینوں کی جانب سے مزاحمت اور احتجاج کے باعث صورتحال کشیدہ ہوگئی، مظاہرین نے مرکزی شاہراہ رنگ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردی، یہاں سے گزرنے والی ایک ایمبولینس کا شیشہ بھی توڑ دیا گیا، آپریشن کی نگرانی کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیو نے صحافیوں کو بتایا کہ جرواری شاخ کی پکی لائننگ کا منصوبہ جاری ہے تاہم تجاوزات کے باعث تقریباً تین کلومیٹر حصے پر کام رکا ہوا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق شاخ کی چوڑائی 132 فٹ ہے جس کیلئے مرکز سے دونوں اطراف 66، 66 فٹ جگہ درکار ہے، اسی لئے تجاوزات ہٹائی جا رہی ہیں، اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق جرواری شاخ سے سٹلائٹ ٹاؤن سمیت شہر کی تقریباً 40 فیصد آبادی کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے جبکہ شکایات موصول ہوئی ہیں کہ جرواری شاخ کے اطراف قائم گھروں کے واش رومز اور لیٹرینوں کے غیر قانونی کنکشن بھی شاخ میں ڈالے گئے ہیں جس سے پانی آلودہ ہونے اور شہریوں میں جلد اور گردوں کی بیماریوں کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ چند افراد کے مفاد سے زیادہ ان شہریوں کا حق ہے جو یہی پانی استعمال کرتے ہیں غلام حسین کانیو نے کہا کہ تجاوزات آبپاشی کی ملکیت پر قائم ہیں اور انتظامیہ کارروائی میں صرف انتظامی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments