لاڑکانہ، نوڈیرو:موئن جو دڑو ایکسپریس ٹرین 6ماہ بعد بحال
اسٹیشن آمد پر والہانہ استقبال،ڈرائیور، عملے پر پھول نچھاور ،ڈھول، شہنائی بجا ئی گئیروٹ پر بولان میل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بھی بحال کیا جائے ، شہری
لاڑکانہ، نوڈیرو (بیورورپورٹ، نمائندہ دنیا) پاکستان ریلوے کی جانب سے موئن جو دڑو ایکسپریس ٹرین سروس تقریباً 6 ماہ بعد بحال کردی گئی۔ اتوار کو موئن جو دڑو ایکسپریس روہڑی سے سیکڑوں مسافروں کو لے کر لاڑکانہ اسٹیشن پہنچی، جہاں مشہور میمن، انور ڈومکی، ایڈووکیٹ سلمیٰ بھٹو، نصرت سرہیو، جمیل گاد سمیت لاڑکانہ اور گردونواح کی سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، شہریوں اور ریلوے اسٹیشن ماسٹر ایاز عباسی سمیت ملازمین نے ٹرین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرین کے ڈرائیور اور عملے پر پھول نچھاور کیے گئے جبکہ ڈھول اور شہنائی بجا کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 6 ماہ قبل پاکستان ریلوے کی جانب سے موئن جو دڑو ایکسپریس بند کر دی گئی تھی، جسے آج سے بحال کر دیا گیا ہے۔
اس سے لاڑکانہ اور گردونواح کے عوام اور کاروباری افراد کو کم کرائے میں سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ شہریوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے اپیل کی کہ لاڑکانہ سے کراچی جانے والے ٹریک کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے اور بولان میل، خوشحال خان خٹک سمیت دیگر ٹرینیں بھی بحال کرکے لاڑکانہ کے عوام کو سستے سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ادھرموئن جودڑو ٹرین کا نوڈیرو میں شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن نوڈیرو پہنچنے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پلیٹ فارم پر ڈھول کی تھاپ پر والہانہ استقبال کیا اور ڈرائیورز کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر شہریوں نے روٹ پر بولان میل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی سروس بھی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments