حیدر آباد:شہر ونواح میں پانی کابحران شدت اختیار کرگیا
شہریوں کو روزمرہ ضروریات کیلئے پانی کے حصول میں شدید دشواری کا سامنالطیف آباد، قاسم آباد، سٹی ودیگر متعدد مقامات پر پانی کی سپلائی معمول سے کم
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)دریائے سندھ میں پانی کی مسلسل کمی اور فراہمی کے نظام میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث حیدرآباد شہر اور اس کے گردونواح میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ شہریوں کو روزمرہ ضروریات کیلئے پانی کے حصول میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔اطلاعات کے مطابق لطیف آباد، قاسم آباد، سٹی اور دیگر رہائشی علاقوں میں متعدد مقامات پر پانی کی سپلائی معمول سے کم ہو گئی۔ کئی علاقوں میں شہری پانی کے ٹینکروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں، جس کے باعث گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت نے روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ماہرین کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے ۔ دوسری جانب واسا حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب وسائل کے مطابق مختلف علاقوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سپلائی نظام کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ شہری و سماجی حلقوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ قلت آب پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے ، پانی کے ضیاع کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments