شہداد پور:40لاکھ کابینک گھپلا،2سابق منیجرز کیخلاف تحقیقات
جعلی چیک بک سے رقم نکلوانے میں پیشرفت، عدالت کا ایف آئی اے کوٹاسک
شہداد پور (نمائندہ دنیا)نجی بینک کے دو سابق منیجروں کیخلاف 40 لاکھ روپے کی مبینہ خوردبرد پرعدالت نے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور میں نجی بینک کے خلاف 40 لاکھ روپے کی مبینہ خوردبرد اور جعلی چیک بک کے ذریعے رقم نکلوانے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، ایڈوکیٹ فرید محمد خان کے مطابق متاثرہ خاتون صارف کا شہدادپور میں نجی بینک کی برانچ میں سیلری اکاؤنٹ موجود تھا۔ صارف کا مؤقف ہے کہ بینک کے بعض افسران اور دو منیجروں نے مبینہ طور پر جعلی چیک بک کے ذریعے اس کے اکاؤنٹ سے 40 لاکھ روپے نکلوائے اور اس کی لاعلمی میں رقم استعمال کی۔صارف کو معاملے کا علم ہونے پر بینک انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ باقی رقم بھی ادا کردی جائے گی۔
تاہم متاثرہ صارف کے مطابق 10 لاکھ روپے کا مذکورہ چیک بھی بینک سے باؤنس ہوگیا۔بعد ازاں متاثرہ صارف کی جانب سے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج شہدادپور طاہر عباسی کی عدالت میں پٹیشن دائر کی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ معاملے کا مقدمہ درج کرکے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے ذریعے مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق کارروائی اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔متاثرہ فریق کا کہنا ہے کہ وہ اپنی رقم کے حصول اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments