وارنٹ کے بغیر تلاشی اور ریکارڈ ضبط کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت وارنٹ کے بغیر تلاشی اور ریکارڈ ضبط کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کوکنگ آئل کمپنی کی آئینی درخواست منظور کرلی۔
جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلے میں قرار دیا کہ ان لینڈ ریونیو کے افسران نے کمپنی کے کاروباری مقام پر سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 38 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 40 کے تقاضے پورے نہیں کیے ۔ تلاشی کے لیے مجسٹریٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرنا ضروری ہے اور اس کے بغیر کی جانے والی تلاشی غیر قانونی ہے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ لدفعہ 40 شہریوں کو ٹیکس حکام کے اختیارات کے غلط استعمال سے تحفظ فراہم کرتی ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی تلاشی کے دوران حاصل کیے گئے ریکارڈ کو واپس کرنا ہوگا اور اسے ٹیکس واجبات کے تعین کے لیے بطور ثبوت استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو سکھر زون کو ہدایت کی کہ 14 مئی 2026 کے اتھارٹی لیٹر کے تحت کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے تمام ریکارڈ، دستاویزات اور آلات کمپنی کو واپس کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments