ایمرسن یونیورسٹی:خستہ کلاس رومز،طلبہ کی جانیں دائو پر
کھڑکیوں کے شیشے غائب، زنگ آلود فریم،دیواروں پ اکھڑا ہوا رنگ، داغ دھبے ، بوسیدہ بینچ، عمارت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا شکار ہوسکتی ہے ،والدین کو تشویشاساتذہ بھی مسائل کا شکار،پنشن کے حق میں جدوجہد کرنیوالوں کو دباؤ کا سامنا، وائس چانسلر نے ستمبر سے یونیورسٹی کا معائنہ نہیں کیا،تعلیمی پالیسیوں پر سوالیہ نشان
ملتان(خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی کے کلاس رومز خستہ حالی کا شکار، ٹوٹے شیشے طلبہ کے لئے خطرہ بن گئے مارکیٹنگ سپیشلائزیشن کے مستقبل پر بے یقینی، پنشن کے حق میں جدوجہد کرنے والے اساتذہ کو مبینہ انتظامی دباؤ کا سامنا،ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے کلاس رومز کی خستہ حالی نے طلبہ کو درپیش تعلیمی سہولتوں اور ان کی حفاظت سے متعلق سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ کلاس رومز کی فراہم کردہ تصاویر میں کھڑکیوں کے ٹوٹے اور غائب شیشے ، زنگ آلود فریم، اکھڑا ہوا رنگ، دیواروں پر داغ اور بوسیدہ بینچ نمایاں ہیں، جبکہ بعض کھڑکیوں میں شیشوں کے نوکیلے ٹکڑے موجود ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ، جو طلبہ اور تدریسی عملے کے لئے کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔تصاویر میں کلاس رومز کی مجموعی حالت تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے فوری توجہ کی ضرورت اجاگر کرتی ہے ۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ بعض کمروں کی حالت اس سے بھی زیادہ خراب ہے ، جہاں بنیادی سہولتوں اور مرمت کے مسائل کا سامنا ہے ۔
ان کے مطابق تعلیمی ادارے میں طلبہ کو محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ، اس لئے ٹوٹے شیشوں کو فوری طور پر ہٹانے ، کھڑکیوں کے فریموں کی مرمت، دیواروں کی تزئین و آرائش اور بوسیدہ فرنیچر کی تبدیلی کے لئے عملی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔دوسری جانب یونیورسٹی کے انتظامی معاملات بھی زیر بحث ہیں۔ مبینہ طور پر پنشن کے حق میں جدوجہد کرنے والے اساتذہ کو غیر ضروری انتظامی دباؤ کا سامنا ہے ، جس سے اساتذہ کے مسائل اور انتظامی رویے سے متعلق تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔ تاہم ان الزامات پر یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آنا ضروری ہے تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کی وضاحت ہو سکے ۔اس حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وائس چانسلر نے ستمبر سے اب تک یونیورسٹی کا معائنہ جاتی دورہ نہیں کیا۔
ایسے میں کلاس رومز کی خستہ حالی اور طلبہ کو درپیش حفاظتی خدشات کے تناظر میں انتظامی نگرانی، مرمت کے اقدامات اور تعلیمی سہولتوں کی بہتری سے متعلق سوالات اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔یونیورسٹی میں مارکیٹنگ سپیشلائزیشن کے مستقبل سے متعلق پائی جانے والی بے یقینی بھی طلبہ کے لئے تشویش کا باعث ہے ۔ کلاس رومز کی حالت اور تعلیمی پروگراموں کے مستقبل سے جڑے یہ معاملات انتظامیہ کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے ، اساتذہ کے تحفظات دور کرنے اور تعلیمی پالیسیوں سے متعلق غیر یقینی صورت حال ختم کرنے کے لئے شفاف اور قابلِ عمل اقدامات کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments