ڈیڑھ کروڑ کے سونے کی ڈکیتی کا معمہ حل،ملزمان گرفتار
عائشہ نامی خاتون نے اپنے ڈرائیور کے ذریعے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا ،پولیسمدعیہ کا کارروائی سے گریز،آئی جی کی کارروائی پرافسران اورٹیم کومبارکباد
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کی مبینہ ڈکیتی کا معمہ حل کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ڈرائیور سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ساحل پولیس کو جمعے کی شب اطلاع ملی تھی کہ کار سوار ملزمان شہری سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے اور واردات کی اطلاع ملتے ہی ساحل پولیس نے ایس ڈی پی او درخشاں کی سربراہی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ واردات کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واقعہ خاندانی تنازع سے متعلق تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق عائشہ نامی خاتون نے اپنے ڈرائیور حیدر کے ذریعے مبینہ طور پر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا جس کے لیے ڈرائیور نے 2 افراد کی خدمات حاصل کیں۔ تفتیش میں سامنے آیا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا جو سونا بتایا گیا تھا وہ بھی مبینہ طور پر موجود نہیں تھا، مدعیہ کا کہناہے کہ معاملہ ان کے خاندان سے متعلق ہے اور وہ فی الحال مزید قانونی کارروائی نہیں چاہتیں تاہم ساحل پولیس ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کر رہی ہے ۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی اور ایس ایچ او ساحل سمیت پوری ٹیم کی کامیاب کارروائی پر انہیں شاباش دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments