نہر خیام کی بحالی کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل ہوگا، ناصر شاہ

نہر خیام کی بحالی کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل ہوگا، ناصر شاہ

تعفن اور بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی اور ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گینہر کے اطراف قبضے یا تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں، وزیر بلدیات

کراچی(این این آئی) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کلفٹن میں نہر خیام کی بحالی اور سیوریج کے پانی کی منتقلی کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، جس سے تعفن اور بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی اور ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نہر خیام کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں وہ علاقہ مکینوں کی شکایات پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے پہنچے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر کام کا معائنہ کیا ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا ہے ۔ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ محکمہ بلدیات سندھ کے تحت جاری منصوبے میں نالے کو ڈھانپا جا رہا ہے اور سیوریج کے پانی کی منتقلی کے انتظامات کیے جارہے ہیں، تاکہ گندے پانی سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔

منصوبے کا مقصد نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ نہر خیام کو خوبصورت بنانا اور علاقے کا ماحول خوشگوار بنانا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت صاف پانی کی نہر تعمیر کی جارہی ہے ، جبکہ اطراف میں سبزہ اگانے اور شجرکاری کے اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔ منصوبے کی تکمیل سے مقامی آبادی کو تعفن اور بیماریوں سے نجات دلانے اور بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر بلدیات نے وضاحت کی کہ کوئی قبضہ کیا جارہا ہے اور نہ غیر متعلقہ تعمیرات یا تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...