سٹی وارڈنزاور ریلوے پولیس میں تنازع شدید، اغوا کا مقدمہ درج

 سٹی وارڈنزاور ریلوے پولیس میں تنازع شدید، اغوا کا مقدمہ درج

ایس ایچ او کینٹ نے اہلکاروں کے ہمراہ مارا پیٹا اور زدوکوب کیا، پاؤں پکڑنے اور جوتا چاٹنے کے لیے کہا ،صائم عمران نامعلوم افراد نے ڈی ایس ریلوے کے گھر اور دفاتر کے باہر کچرا پھینک دیا،ڈرگ روڈ کے قریب بھی کچرا ڈالنے کی اطلاع

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) چکور نالے پر سڑک کی استرکاری کے دوران سٹی وارڈنز اور ریلوے پولیس اہلکاروں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا۔ ڈائریکٹر سٹی وارڈنز صائم عمران کی مدعیت میں ریلوے پولیس اہلکاروں کے خلاف اغوا، تشدد اور نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق صائم عمران کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ماہ سے ناتھا خان سے پہلوان گوٹھ تک سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے اور وہ گزشتہ روز بھی وہاں ٹریفک مینجمنٹ کی ڈیوٹی پر موجود تھے ۔صائم عمران نے الزام عائد کیا کہ ایس ایچ او کینٹ احسن رشید پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وہاں آئے ، انہیں مارا پیٹا اور زدوکوب کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جہاں ان پر تشدد کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق صائم عمران کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے افسران کے ایما پر پاؤں پکڑنے اور جوتا چاٹنے کے لیے کہا گیا، انکار کرنے پر مزید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ تشدد کے باعث صائم عمران بے ہوش ہوگئے اور جب ہوش آیا تو وہ عباسی شہید اسپتال میں موجود تھے۔کے ایم سی کی جانب سے شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ واقعے میں عائد کیے گئے الزامات پر ریلوے پولیس کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔دریں اثنا میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واقعے کے حوالے سے کہا کہ ریلوے اہلکاروں نے کے ایم سی افسر کے ساتھ بہت زیادتی کی جس پر ہم قانونی کارروائی کررہے ہیں اور ایف آئی آر درج کرادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کام کرتے ہیں تو مشکلات بھی آتی ہیں لیکن ہم اس شہر کے ساتھ کسی کو بھی زیادتی نہیں کرنے دیں گے ، کے ایم سی عملے کو یقین دلاتا ہوں کہ انکا میئر انکے ساتھ کھڑا ہے ۔ علاوہ ازیں ریلوے پولیس اور سٹی وارڈنز کے درمیان تنازع کے بعد نامعلوم افراد نے ریلوے افسر کے گھر اور دفاتر کے باہر کچرا پھینک دیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس سے چند قدم کے فاصلے پر ڈی ایس ریلوے کے گھر کے دروازے پر کچرا ڈالا گیا، جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے دفاتر کے باہر بھی کچرا پھینکا گیا۔اسی طرح شارع فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب بھی کچرا ڈالے جانے کی اطلاع ہے ۔تاحال متعلقہ حکام کو معلوم نہیں ہوسکا کہ کچرا کس نے ، کب اور کیوں پھینکا۔ واقعے کے حوالے سے اب تک پولیس کو کوئی شکایت بھی درج نہیں کرائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...