جامعہ کراچی میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیشن
خواتین کو ابتدائی علامات سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور بدنامی سے جوڑنے کے بجائے احترام اور مثبت رویے کو فروغ دینا چاہیے ،مقررین
کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی کے سینٹر آف ایکسلینس فار ویمنز اسٹڈیز نے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیا،سیشن کا مقصد چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت، احتیاطی تدابیر اور مناسب طبی نگہداشت کے بارے میں طالبات کو مستند معلومات فراہم کرنا، نیز خواتین کی صحت سے وابستہ معاشرتی ممنوعات اور دقیانوسی تصورات کا خاتمہ کرنا تھا۔ ڈاکٹر شگفتہ نسرین نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے خواتین کو چھاتی کی صحت، بیماری کی ابتدائی علامات اور بروقت طبی معائنے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیشن میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ڈاکٹر سارہ عارف اور ڈاکٹر بتول میمن، جامعہ کراچی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حسان اوج، ڈاکٹر فوزیہ حمید اور ڈاکٹر (لیفٹیننٹ کرنل) عشرت ابوذر سمیت طب، صحتِ عامہ اور جمالیاتی نگہداشت کے ماہرین نے شرکت کی۔ مقررین نے واضح کیا کہ طبی معائنے ، علاج اور علاج کے بعد بحالی سے متعلق اقدامات کو سماجی شرمندگی یا بدنامی سے جوڑنے کے بجائے احترام اور مثبت رویّے کو فروغ دینا چاہیے ۔ اس موقع پر طالبات کو ماہرین سے براہِ راست سوالات کرنے اور اپنی صحت سے متعلق خدشات و غلط فہمیوں کے ازالے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان نے خواتین کی صحت، آگاہی اور طالبات کی فلاح و بہبود کے لیے جامعہ کی قیادت کی حمایت کا پیغام دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments