نارتھ کراچی میں 25روز بعد پانی آتے ہی بجلی غائب

نارتھ کراچی میں 25روز بعد پانی آتے ہی بجلی غائب

بنیادی سہولتوں کے حصول میں مشکلات ، مکین بلبلا اٹھے ،ناانصافی کا الزامبجلی فوری بحال نہ کی گئی تو ناگن چورنگی پر احتجاج کریں گے ، مکینوں کا انتباہ

کراچی(این این آئی)نارتھ کراچی سیکٹرسی 11میں بجلی کی طویل بندش پر علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دے دی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ 25 روز بعد پانی کی فراہمی بحال ہوئی تو عین اسی وقت بجلی بند کردی گئی جس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق وہ پانی کی فراہمی کے انتظار میں رات گئے تک جاگتے رہے ، تاہم جیسے ہی پانی آیا، بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ رہائشیوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بنیادی سہولتوں کے حصول میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کیا کہ نارتھ کراچی کے رہائشیں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب کئی ہفتوں تک پانی دستیاب نہیں ہوتا اور دوسری جانب پانی ملنے پر بجلی کی بندش شہریوں کیلئے مزید اذیت کا باعث بن رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ ادارے سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی بحال نہ کی گئی تو ناگن چورنگی پر سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا جائے گا۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں بنیادی سہولتوں کے حصول کیلئے مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...