ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
کراچی (این این آئی)محکمہ ریلوے نے ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ منصوبے کے تحت اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے ساتھ مسافروں کو بہتر اور جدید سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں ڈی ایس ریلوے کراچی جمشید عالم نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے مجوزہ نقشے کا جائزہ لیا اور منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران جمشید عالم نے اسٹیشن کے اطراف موجود ریلوے پوائنٹس اور کراسنگز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے پوائنٹس اور کراسنگز پر درپیش مسائل اور آپریشنل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈی ایس ریلوے کراچی نے ٹرین آپریشن کو محفوظ، مؤثر اور بلاتعطل بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولتوں کی فراہمی محکمہ ریلوے کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments