پی آئی او‘ڈی جی پی آئی ڈی کی صحافیوں سے ملاقات
پریس کلبز کی امداد بڑھانے پر کام جاری ، ویج بورڈ ایوارڈ پرعمل کیا جائیگا:مبشر حسن
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی ہدایت پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور ڈی جی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور شفقت عباس نے صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ارشد انصاری نے صحافیوں کے مسائل پربریفنگ دی اورمطالبہ کیاکہ صحافیوں کے مسائل کو جلد حل کیا جائے ۔ اس موقع پر مبشر حسن نے بتایا چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی آخری مراحل میں ہے ۔پریس کلبوں کی مالی امداد بڑھانے پر کام جاری ہے تاکہ پریس کلب صحافیوں کی بہبود کیلئے موثر کردار ادا کر سکیں۔ حکومت نے صحافیوں کیلئے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کیلئے خطیر رقم مختص کر رکھی ہے ، جس سے 5ہزار صحافی مستفید ہو رہے ہیں تاہم گزشتہ برس فنڈز کا صرف 29 فیصد استعمال ہو سکا۔ امید ہے آئندہ برس زیادہ سے زیادہ صحافی ہیلتھ سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا تاکہ کسی صحافی یا میڈیا ورکر کا استحصال نہ ہو۔اجلاس میں ڈائریکٹر پی آئی ڈی لئیق باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی ارسلان طاہر، سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد ودیگر سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔