نجی سکولوں اور اکیڈمیز سے ہائجینک کنڈیشن سرٹیفکیٹ طلب
محکمہ صحت کی ہدایت پر 2026 کے لیے ہائجینک سرٹیفکیٹس کی تجدید لازمی قرار
لاہور(خبر نگار)لاہور میں تمام نجی سکولوں اور اکیڈمیز سے ہائجینک کنڈیشن سرٹیفکیٹ طلب کر لیے گئے ہیں۔محکمہ صحت کی ہدایت پر 2026 کے لیے ہائجینک سرٹیفکیٹس کی تجدید لازمی قرار دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو نجی سکولوں اور اکیڈمیز کی فہرست اپڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ،تاکہ تمام اداروں کے ریکارڈ کی بروقت جانچ ممکن بنائی جا سکے۔
نجی تعلیمی اداروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ 30 دن کے اندر اپنے ہائجینک سرٹیفکیٹس رینیو کرائیں،جبکہ زائد المیعاد سرٹیفکیٹس خودبخود منسوخ تصور کیے جائیں گے ۔ محکمہ صحت کے مطابق جعلی یا ایکسپائرڈ ہائجینک سرٹیفکیٹس رکھنے والے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس مقصد کے لیے سکولوں میں صفائی اور صحت کے معیار کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔ڈی ایچ اے لاہور کو ریکارڈ کی نگرانی اور فالو اپ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ،جبکہ ہائجینک سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں رجسٹریشن معطلی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔