موٹرسائیکلوں کا بائیکرلین منصوبہ اہداف حاصل نہ کرسکا
ڈیوائیڈرز ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے حادثات کی وجہ بنے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے شروع کیا گیا بائیکر لین منصوبہ فروری 2025 میں مکمل کیا گیا، تاہم منصوبہ اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہ کر سکا۔ منصوبے کی تکمیل کے وقت شہر کی دیگر شاہراہوں پر بائیکر لین کی توسیع کے اعلانات بھی کیے گئے تھے ، مگر سال 2025 کے دوران کسی نئی سڑک پر اس منصوبے کو آگے نہ بڑھایا جا سکا۔ذرائع کے مطابق سال 2026 کے لیے تیار کیے گئے ترقیاتی روڈ میپ میں بائیکر لین منصوبے کو شامل ہی نہیں کیا گیا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومتی سطح پر اس منصوبے کو مزید آگے بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیکر لین منصوبے کو عملی بنیادوں پر مؤثر ثابت نہ ہونے کی وجہ سے نظرثانی کا سامنا کرنا پڑا۔فیروزپور روڈ پر بائیکر لین کا پائلٹ منصوبہ متعارف کرایا گیا تھا، تاہم یہ منصوبہ بھی مطلوبہ نتائج نہ دے سکا۔ بائیکر لین کے لیے نصب کیے گئے ڈیوائیڈرز ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے حادثات کی وجہ بنے ۔ رپورٹ کے مطابق فیروزپور روڈ کے تقریباً 10 کلومیٹر طویل حصے میں متعدد ٹریفک حادثات بائیکر لین ڈیوائیڈرز کے باعث پیش آئے ۔