سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیور ی بہتربنانے کی ہدایت
ڈی سی وہاڑی کا ضلعی ہسپتال میں صفائی ستھرائی اورطبی سہولتوں کا معائنہ
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین سروس ڈیلیوری یقینی بناناپہلی ترجیح ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور سٹاف کو ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ایم ایس ڈاکٹر احمد فراز اور دیگر افسران موجود تھے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ای پی آئی ایکسلریشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔، جس میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ویکسی نیٹرز کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور فیلڈ میں ذمہ داری اور تسلسل کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسر ویکسی نیٹرز کی کڑی نگرانی یقینی بنائیں،والدین بھی بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کرائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او، محکمہ تعلیم، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے اور دیگر افسر شریک تھے ۔