شہرمیں درجنوں بوسیدہ سیوریج لائنز تبدیلی کامنصوبہ زیر التوا
فنڈز کی عدم فراہمی پر اہم سڑکوں سے گزرنے والی سیوریج لائنز بیٹھنے کا خدشہ
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں بوسیدہ سیوریج لائنز کی تبدیلی کا جامع منصوبہ تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔شہر کے درجنوں علاقوں میں سیوریج لائنز آج بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔گزشتہ مالی سال 8 بڑی سیوریج لائنز کی تبدیلی کا آغاز کیا گیا تھا تاہم لاہور کی7انتہائی بوسیدہ سیوریج لائنز ابتک تبدیل نہیں کی جا سکیں۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں فنڈز منظوری کے باوجود منصوبے عملی پیشرفت سے محروم رہے جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو ترجیح دینے پرسیوریج منصوبے پس منظر میں چلے گئے ۔
حاجی پارک راجگڑھ تا اسلامپورہ ،لیاقت چوک تا سید پور سبزہ زار ،رحمت علی روڈ، ملت چوک، الممتاز روڈ، ندیم شہید روڈ سمن آباد ،بکر منڈی تا بند روڈ ،گبج بخش روڈ ،ملحقہ آبادیوں ،مین مسلم روڈ اچھرہ ،پراچہ کالونی تا گجر چوک شاہدرہ سیوریج لائنز کے منصوبے التوا کا شکار ہیں جنکی مجموعی لاگت1ارب 36 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار روپے بنتی ہے ۔اربوں کے فنڈز خرچ ہونے کے باوجودشہر کی مرکزی شاہراہوں کے نیچے سے گزرنے والی سیوریج لائنز کے ٹوٹنے اور کسی بھی وقت بیٹھنے کا خدشہ ہے ۔ واسا انتظامیہ نے سیوریج لائنز کی تبدیلی میں تاخیر کو فنڈز کی عدم فراہمی قرار دیا ہے اور کہنا ہے کہ اگر بروقت فنڈز مل جاتے تو یہ تبدیل کر دی جاتیں۔