پیما کے ماتحت سکولوں کے اساتذہ کو 3ماہ سے تنخواہ نہ ملی
4300 سکولز کے 20ہزار اساتذہ ،عملہ مالی مشکلات کاشکار،فاقہ کشی پر مجبور
لاہور(خبر نگار)پنجاب انیشی ایٹو مینجمنٹ اتھارٹی (پیما)ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی۔ پیما کے ماتحت ہزاروں لائسنسی سکولوں کے اساتذہ گزشتہ 3 ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں جس سے مالی بحران پیدا ہو چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں پیما کے تحت تینتالیس سو لائسنسی سکولز قائم ہیں جنکے اساتذہ کو تاحال 3 ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔پیما نے لائسنسی سکولوں کو صرف اکتوبر کی ادائیگیاں کی ہیں، نومبر، دسمبر اور جنوری کی تنخواہیں التوا کا شکار ہیں،عدم ادائیگی پر20 ہزار سے زائد اساتذہ اور عملہ شدید مالی مشکلات کاشکار اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ادائیگیوں میں مسلسل تاخیرپر نا صرف اساتذہ کے گھریلو اخراجات متاثر ہو رہے ہیں بلکہ لائسنسی سکولز بھی سنگین مالی بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔پیما کے ماتحت سکولوں میں تقریباً 6 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں اور اس صورتحال کا براہِ راست اثر تعلیمی سرگرمیوں پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب پیما حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر پرادائیگیاں ممکن نہ ہو سکیں، فنڈز ملتے ہی لائسنسی سکولز کو تمام بقایا جات ادا کر دیئے جائینگے ۔