سمیڈاکا ایس ایم ایز کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے آگاہی سیشن

سمیڈاکا ایس ایم ایز کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے آگاہی سیشن

ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو میں سمیڈا کے سٹال پر تاجروں کوبریفنگ

لاہور(خبر نگار)سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)نے ایس ایم ایز کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی تاجروں کو پری فزیبلٹی، بزنس پلاننگ اور ٹیکسیشن کی رعایتوں سمیت مختلف کاروباری ترقیاتی خدمات کے بارے آگاہ کیا۔ یہ آگاہی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو میں سمیڈا کی جانب سے لگائے گئے اسٹال کے ذریعے فراہم کی گئی ۔اس سلسلے میں سمیڈا کی طرف سے ایس ایم ای ایکسپرٹ صدام قاضی اور ٹیکسیشن ایکسپرٹ عامر طارق نے سمیڈا کے سٹال پر ڈیوٹی دی۔ نمائش کے افتتاح کے بعد لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمان سہگل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ بینک باسط علی، سٹیٹ بینک کے چیف منیجر طارق ریاض، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار ،کاروباری افراداورایس ایم ایزکے نمائندوں نے سمیڈا کے سٹال کا دورہ کیا۔سٹال پر موجود ماہرین نے مہمانوں کو مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں خصوصاً کاروباری خواتین اور مائیکرو انٹرپرائزز کی مددکیلئے سمیڈاکے اقدامات بارے معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل خواندگی تک رسائی کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز کو بینکوں کی مالیاتی سکیموں سے استفادہ کے قابل بنانے سے متعلق سمیڈا کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں