سردی بڑھتے ہی گیس کنکشنز پر کمپریسر کا استعمال بڑھ گیا
صارفین کو مشکلات کا سامنا، کمپریسرز کے استعمال پرہفتے میں سو کنکشنز منقطع
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہرمیں گیس کنکشز پر کمپریسر کا استعمال بڑھ گیا جبکہ گنجان آباد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی شکایات بڑھ گئیں جبکہ سوئی ناردرن لاہور ریجن نے کمپریسرز کیخلاف مہم تیز کردی ۔شہر کے گنجان آباد علاقوں میں گیس کی بوسیدہ پائپ لائنز اور کمپریسرز کے استعمال کے باعث لو پریشر کی شکایات بڑھ گئیں ،صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔سوئی ناردرن لاہور ریجن نے کمپریسرز کیخلاف مہم تیز کردی اور لاہور ریجن میں ایک ہفتے کے دوران 100 سے زائد کنکشنز کمپریسرزکے استعمال پر منقطع جبکہ مجموعی طور پر موسم سرما میں لاہور ریجن نے کمپریسر استعمال کرنے پر 400 سے زائد کنکشنز منقطع کیے لاہور ریجن نے کمپریسرز کیخلاف کارروائیوں کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دیں، کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کا 7 روز تک کنکشن بند رکھا جائے گا۔ جنرل منیجر لاہور ویسٹ بلال اصغر کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کے پاس گیس وافر مقدار میں موجود ہے ، کمپریسر کا استعمال ہونے سے لو پریشر کی شکایات ہوتی ہیں ،کمپریسر استعمال کرنے والوں کی وجہ سے دوسرے صارفین کو پریشانی ہوتی ہے ،جن علاقوں میں لیکج اور پائپ لائنز خستہ ہیں انہیں تبدیل کیا جارہا ہے ، صارفین کو موسم سرما میں بلاتعطل گیس فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔