پنجاب بھر میں 14عمارتیں انتہائی خطرناک‘سروے رپورٹ
لاہور میں 13عمارتیں کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتیں ،حفاظتی اقدامات کا آغاز
لاہور(مجاہد شیخ سے )خطرناک عمارتوں سے متعلق جامع سروے رپورٹ مرتب، پنجاب بھر میں 14عمارتیں انتہائی خطرناک قرار دیدی گئیں۔ پنجاب حکومت نے کراچی جیسے سانحات سے بچاؤ کیلئے صوبے بھر میں پیشگی حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ۔ اس مقصد کیلئے خطرناک عمارتوں سے متعلق جامع سروے رپورٹ مرتب کر لی گئی جسکے مطابق پنجاب بھر میں 14 عمارتیں انتہائی خطرناک قرار دی گئی ہیں۔ لاہور میں 13 جبکہ فیصل آباد میں ایک عمارت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔ لاہور میں خطرناک قرار بعض عمارتیں اندرونِ شہر گنجان آباد علاقوں میں ہیں ۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ خطرناک قرار متعدد عمارتوں میں اب بھی رہائشی اور کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں جو جان و مال کیلئے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔ اسکے علاوہ بی کیٹیگری میں 63 عمارتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ جنکے حوالے سے مسلسل نگرانی، مرمت یا خالی کرانے کی سفارش کی گئی ہے ۔ یہ سروے رپورٹ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی زیر نگرانی مرتب کی گئی ہے خطرناک عمارتوں کیخلاف کارروائی، سیلنگ اور مکینوں کا انخلا زیر غور ہے ۔ بی کیٹیگری عمارتوں کو مرحلہ وار محفوظ بنانے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس معاملے پر آج ہی تفصیلی سروے رپورٹ طلب کر لی۔