کلمہ چوک :ٹرانسپورٹ ٹاور منصوبے پرعملی پیشرفت نہ ہو سکی
منصوبے میں تاخیر سے پورے پنجاب کا ٹرانسپورٹ کنٹرول سسٹم متاثر ہو رہا :ذرائع
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت کے ٹرانسپورٹ ٹاور منصوبے پر تاحال عملی پیشرفت نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں تاخیر سے پورے پنجاب کا ٹرانسپورٹ کنٹرول سسٹم متاثر ہو رہا ہے ۔حکومت نے لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ ٹاور بنانے کا اعلان کیا مگر پانچ ارب ساٹھ کروڑ کا یہ منصوبہ تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ کلمہ چوک کے قریب زمین کی نشاندہی کے باوجود ٹرانسپورٹ ٹاور کی تعمیر کا آغاز نہ ہو سکا جس سے پورے پنجاب کی ٹریفک کو ایک نظام کے تحت کنٹرول کرنے کا منصوبہ ادھورا رہ گیا ۔ٹرانسپورٹ ٹاور کا مقصد الیکٹرک بسوں، ماس ٹرانزٹ سسٹمز، ای ٹیکسی اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کو ایک ہی چھت تلے لا کر ٹرانسپورٹ نظام کو مربوط اور مؤثر بنانا تھا تاہم منصوبے میں تاخیر پر یہ ہدف حاصل نہ ہو سکا۔ فی الحال پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے محدود سطح پر کام کیا جا رہا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ ٹاور کیلئے فنڈنگ کے مسائل ہیں حکومت سے اجرا کی استدعا کردی ہے ۔ محکمہ نے ٹرانسپورٹ ٹاور کا پی سی ون منظور کر لیا ہے تاہم ورکنگ پارٹی سے منظوری باقی ہے ۔