پارکنگ کمپنی سفید ہاتھی،75کروڑ کی نادہندہ: اوور چارجنگ جاری

پارکنگ کمپنی سفید ہاتھی،75کروڑ کی نادہندہ: اوور چارجنگ جاری

پارکنگ سائٹس پر اوورچارجنگ کے نام پر کرپشن، ٹوکن بکس میں روزانہ لاکھوں کی بے ضابطگیاں جاری ، 70فیصد ریونیو بااثر ملازمین کو دینے کا انکشاف ُپُر کشش سیٹیں بھی نیلام ،14 سال میں ایک مرتبہ بھی بلدیہ عظمٰی کوپورا شیئر ادا نہ کیا،ایم سی ایل کوپارکنگ فیس کی مد میں 75کروڑ سے زائد کا نقصان

لاہور (عمران اکبر)پارکنگ کمپنی سفید ہاتھی بن گئی ،ایم سی ایل کی75 کروڑ روپے سے زائد کی نادہندہ ،شہر میں دو سو سے زائد رجسٹرڈ پارکنگ سٹینڈز سے اوور چارجنگ جاری ،آٹھ ماہ سے کمپنی بورڈ کا ماہانہ اجلاس بھی التوا کا شکار ،سفارشوں پر بڑے عہدوں کی پر کشش سیٹیں بھی نیلام کر دی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق پارکنگ سائٹس پراوورچارجنگ کے نام پر کرپشن اورسرکاری ٹوکن بکس میں روزانہ لاکھوں کی بے ضابطگیاں جاری ،پُرکشش سیٹوں پر غیر قانونی بھرتیوں اورپارکنگ سائٹس کا 70فیصد ریونیو الائیڈ اداروں کے بااثر ملازمین کو دینے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بلدیہ عظمٰی لاہور کو پارکنگ فیس کی مد میں 75 کروڑ سے زائد کا نقصان،رواں سال آمدن زیرو،لاہور پارکنگ کمپنی کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ لاہور نیوز نے حاصل کر لی ۔لاہور پارکنگ کمپنی 14 سال میں ایم سی ایل کی75 کروڑ سے زائد کی نادہندہ ،بلدیہ عظمٰی لاہور کے نوٹسز اور ریمائنڈر بھی اثر انداز نہ ہوسکے ۔ 14 سال میں ایک مرتبہ بھی پورا شیئر ادا نہیں کیا گیا ۔

پارکنگ کمپنی کی طرف سے شیئر ادا نہ کرنے سے ایم سی ایل کو 73 کروڑ68 لاکھ 13 ہزار کا خسارہ برداشت کرنا پڑا ۔رواں مالی سال بھی 7کروڑ روپے ہدف کے مقابلے میں ایک پائی جمع نہیں کروائی گئی ۔ 13برسوں کا بلدیہ عظمٰی کا پارکنگ فیس کی مد میں ہدف ایک ارب 80کروڑ ہے ،پارکنگ کمپنی سے صرف 34کروڑ 31لاکھ 87 ہزار وصول کئے جا سکے ۔ابتک خسارہ 70 فیصد سے زائد ہے ۔مالی سال 2011۔12میں 10 کروڑ ہدف تھا 13سال بعد پارکنگ فیس ، پارکنگ سٹینڈز، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں میں اضافہ کے باوجود بڑھانے کی بجائے کم کر کے 7کروڑ کر دیا گیا،مالی سال 2012۔13اور 2014۔15 میں 13 کروڑ ہدف رہا جو دوسال بعد 50 فیصد کم کر کے 6کروڑ 50 لاکھ کر دیا گیا، پارکنگ کمپنی کو نوازنے میں شعبہ شہری سہولیات اور فنانس بھی پیش پیش ہیں۔رواں مالی سال بھی بلدیہ عظمٰی کی پارکنگ فیس مد میں ریکوری زیرو ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں