کمرشلائزیشن قوانین میں اہم ترمیم کا نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری

 کمرشلائزیشن قوانین میں اہم ترمیم کا نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری

ترمیم سے 800 سے زائد املاک کو براہ راست فائدہ پہنچنے کا امکان :ذرائع

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے کمرشلائزیشن قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت پرانے زیر التوا کمرشل کیسز کے لیے مشروط ریلیف کا دروازہ کھول دیا گیا ہے ۔نئے قانون کے تحت وہ تمام مالکان جنہوں نے ماضی میں 20 فیصد فیس جمع کرائی تھی لیکن مقررہ وقت پر مکمل ادائیگی نہ کر سکے ، اب چار ماہ کے اندر دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔ انہیں بقایا رقم کے ساتھ 22.5 فیصد سرچارج ادا کرنا ہوگا، جس کے بعد ان کی جائیداد کو کمرشل سٹیٹس دیا جا سکے گا۔مزید برآں درخواست منظور ہونے کے بعد تین ماہ کے اندر مکمل ادائیگی کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ، بصورت دیگر رعایت خود بخود ختم ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس ترمیم سے 800 سے زائد املاک کو براہ راست فائدہ پہنچنے کا امکان ہے ۔ بالخصوص گلبرگ، گارڈن ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن کی متعدد جائیدادیں اس ریلیف کی زد میں آئیں گی۔یاد رہے کہ سابق ادوار میں خصوصاً شہباز شریف کی حکومت کے دوران، اس نوعیت کے کیسز کو بارہا مسترد کیا جاتا رہا اور بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی گئی۔ ایل ڈی اے کئی برسوں تک ضبط شدہ رقوم اپنے اکاؤنٹس میں رکھے ہوئے تھا، جبکہ متاثرہ مالکان ریگولرائزیشن کے منتظر رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں