ایل ڈی اے سٹی سکیم:زمین کی براہِ راست خریداری عملاً رک گئی
اراضی کے حصول کی سست روی سے ترقیاتی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہونیکاخدشہ
لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے سٹی سکیم میں اراضی کے حصول کی رفتار غیر معمولی طور پر سست پڑ گئی ہے ۔اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پالیسی تبدیلی کے بعد زمین کی براہِ راست خریداری عملاً رک گئی جبکہ ڈیویلپمنٹ پارٹنرز بھی مطلوبہ کارکردگی نہ دکھا سکے ۔چھ ماہ کے دوران پیش رفت میں نمایاں کمی نے ترقیاتی کاموں کی رفتار پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔اب سپروائزری کمیٹی نے پالیسی پر نظرِ ثانی اور سخت اقدامات کا عندیہ دے دیا ہے۔ نئی شرط کے مطابق استثنیٰ لیٹر صرف اصل مالک یا جی پی اے کے نام جاری ہونا تھا، جبکہ بعد ازاں فائل کی منتقلی پر ٹرانسفر فیس، سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکس لاگو کیے گئے ۔پالیسی کا مقصد بظاہر ڈیویلپمنٹ پارٹنرز کو متحرک کرنا تھا تاکہ وہ زیادہ فعال کردار ادا کریں، تاہم عملی طور پر نتائج توقعات کے برعکس سامنے آئے ۔ مالکان کی حوصلہ شکنی ہوئی اور براہِ راست زمین پیش کرنے کا راستہ محدود ہو گیا، جبکہ ڈیویلپمنٹ پارٹنرز بھی مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے ۔گزشتہ چھ ماہ کے دوران اراضی کے حصول کی سست روی نے ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار پر اثرات ڈالنے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے ۔