جمعیت پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ، پولیس کیخلاف سراپا احتجاج
افطار ی پر پولیس کا بدترین تشدد کرایاگیا :ناظم جامعہ احسن فرید کی پریس کانفرنس
لاہور(سیاسی نمائندہ )اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے ناظم احسن فرید نے جامعہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں انتظامیہ اور پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔انہوں نے کہاکہ افطار پروگرام میں شریک طلبہ پر پولیس کے ذریعے بدترین تشدد کرایاگیا۔ نہ صرف طلبہ کو ہراساں کیا گیا بلکہ درجنوں طلبہ کو گرفتار بھی کیا گیا۔ عدالت نے 50 کے قریب گرفتار طلبہ کو باعزت رہا کرتے ہوئے پولیس کے پرچوں کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا، یونیورسٹی میں داخلے پر لی جانے والی 30 روپے کی غیر قانونی فیس فوری بند کی جائے ، جبکہ ہر پروگرام کی فیسوں میں 200 فیصد اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے تعلیمی حقوق کے خلاف ہے ۔ فیسوں میں غیر قانونی اضافہ فوری واپس لیا جائے ۔ یونیورسٹی کے داخلی راستوں پر لی جانے والی غیر قانونی فیس ختم کی جائے ۔ اگر انتظامیہ نے اپنا رویہ نہ بدلا تو جمعیت ملک گیر احتجاج کے ذریعے اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گی۔